جیکسن‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+این این آئی) امریکی ریاست مسی سپی کے ایک قصبے میں مسلح شخص نے فائرنگ کر کے ایک خاتون سمیت 6 افراد کو قتل کر دیا۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایک مسلح شخص نے ٹیٹ کاؤنٹی کے علاقے آرکابٹلا میں گھر میں داخل ہوکر ایک خاتون پر فائرنگ کر دی۔ اس کے بعد وہ دوسرے گھر میں داخل ہوا، جہاں اس نے 2 دیگر افراد کو قتل کیا اور بعد میں مزید 2 افراد کو قریبی مقام پر قتل کردیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق قتل ہونے والی خاتون مسلح شخص کی سابقہ اہلیہ تھی۔ 51 سالہ مسلح شخص ایک دکان میں داخل ہوا، جہاں اس نے ایک شخص کو گولی مار دی۔ پولیس نے مسلح شخص کو گرفتار کر کے تحقیقات شروع کر دی۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے بیان جاری کیا ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ اس سال 48دنوں میں کم از کم 73بڑے فائرنگ کے واقعات ہوچکے ہیں۔ ان واقعات پر مذمت اور دعائیہ پیغامات کافی نہیں، فائرنگ کے واقعات وبا ہیں اور کانگریس کو اب ایکشن لینا چاہیے۔ امریکی صدر نے کہا کہ بندوق کے قانون میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال امریکا میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 44 ہزار اموات ہوئی تھیں۔
امریکہ میں فائرنگ ،6 افراد ہلاک : بندوق کے قانون میں ترمیم کی ضرورت ، کانگریس ایکشن لے ، جوبائیڈن
Feb 19, 2023