اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت کی اہلیہ خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ خواتین کو با اختیار بنانے کے ساتھ ساتھ خصوصی بچوں کو بھی معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جائے تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد شہری کے طور پر اپنا کردار ادا کرسکیں۔یہ باتیں انہوں نے راشد آباد ٹنڈوالہیار میں ٹوپین سپرٹ ٹرسٹ اکیڈمک کیمپس، خصوصی افراد کے بحالی مرکز دارالسکون اور سماعت سے محروم بچوں کے لئے قائم کردہ ڈیف ریچ سینٹر کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیں۔ اس موقع پر انہوں نے بچیوں کی جانب ہاتھ سے تیار کردہ مختلف چیزیں دیکھیں اور ان کے کام کو سراہا۔ بیگم ثمینہ عارف علوی نے خصوصی بچوں اور خواتین سے بھی ملاقات کی اور انہیں فراہم کردہ معیاری سہولیات پر مسرت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی خدمت ضرور کرنی چاہیئے تاہم ہمیں انہیں خود کفیل بنانا چاہیئے تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکیں جبکہ خواتین کے لئے تعلیم کا ہونا بہت ضروری ہے، ہم اس شعبہ میں بھی کام کریں گے اور تعلیم کے شعبہ میں بھی خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ دورے کے موقع پر ایئر چیف مارشل (ر) سہیل امان کی اہلیہ شگفتہ جبین بھی ان کے ہمراہ تھیں، جنہوں نے معاشرے کے نظر انداز بچوں اور بڑوں کو راشد آباد میں ملنے والی تعلیم و تربیت کی سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں تعلیم کا معیار بہت زیادہ بہتر ہے۔