صدر آئینی اوقات میں رہیں‘ منصب کی عزت کا پاس کریں: وفاقی وزراء


اسلام آباد‘ کراچی (نوائے وقت رپورٹ/ سٹاف رپورٹر) وفاقی وزراء نے کہا ہے کہ صدر اپنی آئینی حدود میں رہیں اور اپنے منصب کی عزت کا پاس کریں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے بیان میں کہا ہے کہ عارف علوی الیکشن کمشن کی آئینی حدود میں تجاوز نہ کریں اور سیاست نہ کریں۔ وہ یاد رکھیں وہ اس عہدے پر 2018ء کی سلیکشن کے نتیجے میں قابض ہوئے۔ وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلز پارٹی شازیہ مری نے صدر مملکت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران کی ہدایت پر چلنا ہے تو صدارتی منصب چھوڑیں اور ملازمت کرنی ہے تو مستعفی ہو کر جیل بھرو تحریک کا حصہ بن جائیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ عارف علوی الیکشن کمشن کی خود مختاری سے چھیڑ چھاڑ نہ کریں۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ عمران نے صدر‘ سپیکر‘ ڈپٹی سپیکر اور گورنر سے آئین شکنی کرائی ہے۔ عارف علوی الیکشن کمشن کے آئینی اختیار میں مداخلت کر رہے ہیں۔ صدر کا الیکشن کی تاریخ کے اعلان سے کوئی سروکار نہیں‘ صدر کے آئینی منصب کو پارٹی ترجمان کے عہدے میں بدلنا افسوسناک ہے۔ الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔ عارف علوی فارن فنڈنگ کیس میں شریک جرم ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارا خیال تھا یہ دہشت گرد دوسری جگہوں پر نہیں جائیں گے۔ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو ڈھونڈ نکالیں گے۔ سی ٹی ڈی پنجاب اور سندھ‘ خیبر پی کے اور بلوچستان سے بہت بہتر ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن