شب معراج عقیدت و احترام  سے منائی گئی

Feb 19, 2023


لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک بھر میں شب معراج مذہبی جوش و خروش اور روایتی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ فرزندان توحید نے خالق حقیقی کے حضور سجدہ ریز ہو کر کبریائی و بڑائی بیان کی، نوافل ادا کیے، درود و وظائف کا اہتمام کیا اور ذکر کی محافل میں شرکت کی۔ مساجد اور خانقاہوں میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیاگیا اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ علمائے کرام، مشائخ عظام اور مفتیان کرام نے شب معراج کے حوالے سے  فضیلت بیان کی۔ واقعہ معراج کا تفصیلی ذکر کیا اور نبی آخرالزماںؐ کی حیات طیبہ کے پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ شب معراج کے سلسلہ میں گھروں پہ بھی عبادت کا خاص اہتمام تھا۔ خصوصی کھانے اور میٹھے پکوان تیار کر کے غربا، مساکین اور نادار افراد میں تقسیم کیا گیا۔ صبح نماز فجر کی ادائیگی کے لیے بھی خاص اہتمام کیے گئے اور معمول سے زیادہ افراد نے مساجد کا رخ کیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے نماز فجر کی ادائیگی سے قبل سحری کر کے نفلی روزے کی نیت کی۔

مزیدخبریں