کل‘ پرسوں الیکشن ڈیٹ ملنے والی سپریم کورٹ مریم‘ وزراء کو طلب کرے: اسد عمر

Feb 19, 2023


لاہور ( نیوز رپورٹر) تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ (ن) لیگ عدلیہ کے خلاف منظم مہم چلا رہی، عدالت مریم صاحبہ اور ان کے وزراء کو بھی توہین عدالت کیس میں طلب کرے، یہ سیاسی مقابلہ کرنے کے قابل نہیں رہے، چاہتے ہیں کہ آئین اور جمہوریت ختم ہو جائے ، سپریم کورٹ غیر قانونی کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی افضل ساہی کے ہمراہ پارٹی آفس جیل روڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اسد عمر نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ آج  کل منظم مہم چلا رہی ہیں جس کا مرکز عدلیہ ہے۔ آج بھی ایک آڈیو لیک ہوئی یہ قانون کی کھلم کھلی خلاف ورزی ہے۔پیر، منگل تک الیکشن کی تاریخ ملنے والی ہے۔ ان کا مقصد الیکشن سے بھاگنا ہے، تاکہ غیر آئینی کام کر سکیں۔ کوئی ابہام نہیں 90 دن کے اندر الیکشن ہونے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لگ رہا ہے ملک کے اندر کوئی آئین اور قانون نہیں ہے۔ دیدہ دلیری کے ساتھ قانون کو توڑا جا رہا ہے۔ ملک کا وزیر داخلہ آڈیو ٹیپ کے بارے میں خود اعلان کرتا ہے۔ ان کی مہم کا مقصد عدلیہ کے ادارے کو نشانہ بنانا ہے۔ یہ عدلیہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ آج عدلیہ پر بدترین الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ علی افضل ساہی نے کہاکہ میرے خلاف منظم کمپین چلائی جا رہی ھے۔ مجھ پر دو الزام لگے، ٹھیکے دینے اور ٹرانسفر پوسٹنگ کرنے کے۔ سی اینڈ  ڈبلیو کی وزارت میں جتنے بھی ٹھیکے ہوئے میرٹ پر دیئے۔ مجھ پر الزام لگایا ٹرانسفر پوسٹنگ میں محمد خان بھٹی کے ذریعے پیسے لیتا تھا۔ سرکاری ملازمین کو اٹھا کر تشدد کر کے میرے خلاف درخواستیں دائر کروائی گئیں۔ تین شہروں کے ٹھیکیداروں سے میرے خلاف درخواست دائر کروائی گئی۔ یہ عدالتوں کو پریشر میں لانے کے لیے ہورہا ہے۔ پہلے فون کر کے مرضی کے فیصلے کون کرواتا تھا۔

مزیدخبریں