فن خطاطی اِسلامی تہذیب کا اہم وِرثہ ہے، ڈاکٹر جمال ناصر 

Feb 19, 2023

راولپنڈی(جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ حسنِ تحریر ہمارا اِسلامی، تہذیبی اور ثقافتی وِرثہ ہے،اِسلامی تہذیب کے آغاز میں روایت کے تحفظ اور لفظ کے تقدس کو جو اہمیت حاصل رہی اور پھر علوم و فنون کے فروغ و اشاعت سے مسلمانوں کو جو گہری وابستگی رہی اس کے نتیجے میں خطاطی کے فنون نے غیر معمولی اہمیت حاصل کر لی  اور لفظ نے تصویر کی سی جمالیاتی قدر و منزلت حاصل کی ہے،انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی آ رٹس کونسل میں اسلامی خطاطی کی نمائش اور مقابلوں کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر آ رٹس کونسل وقار احمد، چیئر مین اشرف القلم خطاطی فاؤنڈیشن محمد اشرف، ناہید منظور اور ملک بھر سے دو سو سے زائد خطاط اور شایقین کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی،ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ فن خطاطی اِسلامی تہذیب کا اہم وِرثہ ہے اور قرآن پاک سے اس فن کی نسبت ہے آیاتِ قرآنی یا احادیثِ نبوی ؐ کو حسین و جمیل انداز میں تحریر کر کے خطاط اپنا تخلیقی اور وِجدانی جذبہ شامل کرتے ہیں۔، ڈاکٹر جمال ناصر نے خطاطی نمائش میں پوزیشنیں حاصل کرنے والے خواتین و حضرات میں انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔

مزیدخبریں