لاہور (نامہ نگار) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دواران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے8مبینہ دہشت گردوں کوگرفتار کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے مختلف اضلاع میں 35آپریشنز کیے۔ جس میں 36 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کے دوران مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے8 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ‘ دھماکہ خیز و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا گیا۔ گرفتار دہشت گردوں میں تحریک طالبان پاکستان کے ارکان مسعود الرحمان، سبحان اللہ، ساجد علی، عزیز خان، شاہد اعجاز، شرافت اللہ‘جاوید خان‘ محسن امیر خان‘ مولانا خالد اور داعش کا ایک رکن نعمان فیصل شامل ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ دہشت گردوں کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ ، دھماکہ خیز مواد 6552 گرام، پرائما کارڈ 17 فٹ، حفاظتی فیوز 12 فٹ، پانچ ڈیٹونیٹر ، ایک ہینڈ گرنیڈ ، بال بیئرنگ 09 باکس، ایک رائفل اے کے 47 بمعہ 57 گولیوں‘ 4 پستول، 24 گولیاں، فونز اور 28480 روپے نقد برآمد کر لیے گئے ہیں۔ گرفتار دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات،دہشتگردانہ کارروائی اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔ پولیس نے گرفتار مبینہ دہشت گردوں کے خلافڈی جی خان، ملتان، لاہور، سرگودھا اور شیخوپورہ میں 7مقدمات درج کر کے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں رواں ہفتے کے دوران سی ٹی ڈی پنجاب نے مقامی پولیس اور سکیورٹی اداروں کی مدد سے صوبہ بھر میں مختلف شہروں میں 483 کومبنگ آپریشنز کئے گئے۔ ان کومبنگ آپریشنز کے دوران 23882 افراد کو چیک کیا گیا۔127 مشتبہ افراد گرفتار79 ایف آئی آر درج کی گئیں۔