عوامی مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائینگے، لعل ڈنومنگی

Feb 19, 2023


اسلام کوٹ (رپورٹ ریاض سکندر) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی نے کہا ہے کہ اسلام کوٹ شہر کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ اسلام کوٹ شہر کے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے اور غیر قانونی تجاوزات کو خاتم کرکے شہر کی مجموعی صورتحال میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے اسلام کوٹ شہر کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کوٹ شہر کی عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے یہاں کے ڈرینج سسٹم، گاڑیوں کی پارکنگ سمیت  سبزی اور فروٹ مارکیٹ کے لیے جامع پلان تیار کیا جائے گا تا کہ عوام کو ریلیف حاصل ہو سکے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر، مختیارکار، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور ٹاؤن انتظامیہ کے عملداروں کو ہدایت کی کہ شہر کے نکاسی آب و فراہمی آب کے نظام،  پینے کے صاف پانی کے آر او پلانٹس، ٹریفک کے نظام، اور غیر قانونی تجاوزات سمیت دیگر مسائل کو ترجیح بنیادوں پر فوری حل کرنے کی کوششیں کی جائے، انہوں نے کہا کہ ڈرینج سسٹم پر جلد سے جلد کام شروع کیا جائے تاکہ بارشوں سے قبل ہی کام مکمل کیا جاسکے اور شہریوں کو مون سون کی بارشوں میں کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کی جائے گی کہ گاڑیوں کی پارکنگ سمیت سبزی منڈی اور فروٹ فروشوں کے لیے  آسانی پیدا کی جاسکے جس کے لیے مزید جگہ کی الاٹمنٹ کے لیے کوشش کریں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تھرپارکر کو صاف پانی فراہم کرنے والے پوائنٹ پر ایک سیل قائم کیا جائے جہاں تھرپارکر کے ہر شہر کا ایک سرکاری نمائندہ موجود ہو جو اپنے شہر کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد کریگا۔

مزیدخبریں