وزیراعظم‘ خواجہ آصف کے بیان پر  قوم کو اعتماد میں لیں: شاہ محمود

Feb 19, 2023


ملتان (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف وفاقی حکومت کے وزیر دفاع نواز شریف کی کچن کیبنٹ کا حصہ اور ن لیگ کے اہم رہنماء ہیں، وہ کہہ رہے ہیں ملک ڈیفالٹ کر چکا ہے۔ حکومت کو ان کے اس بیان پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے، میں بحیثیت وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور ایک سیاسی کارکن مطالبہ کرتا ہوں کہ وزیراعظم یا وزیر خزانہ اس بیان پر فوری طور پر قوم کو اعتماد میں لیں اور بتائیں کہ آیا خواجہ آصف کا بیان درست ہے یا یہ سیاسی بیان ن لیگ کی ضرورت ہے۔ اپنے بیان میں شاہ محمودقریشی نے کہاکہ عوام کو ان لوگوں پر اعتماد نہیں، ایک طبقہ کی رائے ہے کہ یہ لوگ ایمرجنسی کا بہانہ بنا کر الیکشن ملتوی کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب اگر دیکھا جائے تو گزشتہ 9ماہ میں انہوں نے معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا ہے۔ ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب ہے۔ ان کے پاس نہ تو ملک چلانے کی اہلیت ہے اور نہ ہی معیشت کو اوپر لے جانے کا کوئی ایجنڈا، ان لوگوں نے9ماہ میں ملک اور عوام کو دونوں کو مشکل میں ڈال دیا۔ حکومت ان کے بیان کو سنجیدہ لے اور فی الفور وضاحتی بیان جاری کرے۔

مزیدخبریں