لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے شفاف الیکشن ملک کی ضرورت ہیں۔ پورے ملک میں ایک ہی روز انتخابات ہوں گے تو استحکام آئے گا۔ ملک کو آئی ایم ایف کے قرضوں کی ضرورت نہیں، غیر ترقیاتی اخراجات، کرپشن اور پروٹوکول کلچر کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ پانچ لاکھ گاڑیاں وزیروں مشیروں ، بیوروکریسی کے پرائیویٹ استعمال میں، پٹرول مفت ڈلتاہے۔ گورنرز، سرکاری بابو، وزیر ایکڑوں پر محیط محلات میں رہتے ہیں، ان کے لیے دس مرلے کا گھر ہونا چاہیے۔ جماعت اسلامی کی معاشی پالیسی دولت کا ارتکاز نہیں اس کی سرکولیشن ہے۔ ہمیں اقتدار ملا تو سودی نظام کو ختم کریں گے۔ ٹیکسز کی بجائے زکوۃ اور عشر کا نظام لائیں گے۔ ملک میں ساڑھے سات کروڑ افراد زکٰوۃ دے سکتے ہیں۔ صرف پچیس لاکھ انکم ٹیکس دیتے ہیں۔ زکوۃ و عشر کا نظام لاگو ہو جائے تو پاکستان لینے والا نہیں دینے والا بن جائے۔ صرف جماعت اسلامی ہی ملک کو اسلامی معیشت دے سکتی ہے۔ جماعت اسلامی ملک کی عدالتوں میں قرآن کا نظام نافذ کرے گی ، یکساں تعلیمی نظام دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں امرائے صوبہ اور بڑے شہروں کے امرائے اضلاع نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی، معاشی اور آئندہ الیکشن کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ قبل ازیں منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی تباہی کے نشان ہیں۔