دہشتگردی  واقعات کا تسلسل ملک و قوم کے خلاف گھناؤنی سازش، مولانا نورالحق

Feb 19, 2023


کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام ضلع جنوبی کے امیر شیخ الحدیث مولانا نورالحق نے کراچی پولیس آفس پردہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے روح فرساں واقعہ پر پوری قوم افسردہ ہے، دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ملک و قوم کے خلاف گھناؤنی سازش ہے،افسوناک واقعے میں جوانوں کی شہادت پر دل مغموم ہے، یہ حکومت کی رٹ پر براہ راست حملہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، عوام کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے والے خود دہشت گردی کا شکار ہو رہے ہیں،کے پی او پر حملہ کرکے ملک واسلام دشمن سفاک دہشت گرد ملک میں عدم تحفظ کا شدید احساس پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، آگ اور خون کا کھیل کھیلنے والے سفاک درندے انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس پالیسی بنا کر فوراً عمل درآمد کی ضرورت ہے، ملک اندورنی وبیرونی خطرات میں گھرا ہوا ہے، یہ وقت ذاتی مفادات کے لیے جنگ لڑنے کا نہیں بلکہ فروعی اختلافات بھلا کر ملک کی بقا کی خاطر جدوجہد کرنے کا ہے، انھوں نے کہا کہ ہماری فورسز محب وطن، با صلاحیت اور جذبہ شہادت سے لیس ہیں، جرات مندی اور بہادری کے ساتھ آپریشن میں حصہ لینے والے رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔جمعیت علماء اسلام ضلع جنوبی کی تمام ارکان و کارکنان شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامل مغفرت کیلئے دعا گوجبکہ حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگوہیں،اللہ کریم پاکستان اور اہل پاکستان پر خاص کرم فرمائے اور تمام اہل وطن کی حفاظت فرمائے۔

مزیدخبریں