دشمن ہمیں آپس میں لڑانے کی سازش کر رہا‘ احمد عمران نقشبندی

Feb 19, 2023


کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک بھر کے علماء و مشائخ کی نمائندہ تنظیم علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان نے کراچی پولیس آفیس پردہشت گردانہ کی شدید مذمت کی ہے،ملک بھر کے علماء و مشائخ کی نمائندہ تنظیم علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے سربراہ  و جمعیت علما ء پاکستان کے مرکزی رہنماء سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی سجادہ نشین آستانہ عالیہ  بھیج پیر جٹا نے جاری کردہ  مذمتی بیان میں کراچی پولیس آفیس پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکورٹی ادارے پر دہشت گردانہ حملہ سفاکیت کی انتہا ہے اور انسانیت سے عاری اقدام ہے جس کی جتنی مذمت کیجائے کم ہے، کراچی پولیس آفیس پردہشت گردانہ حملہ شہر کا امن سبوتاژ کرنے کی گھناونی سازش ہے،انہوں نے قوم کو باہمی اتحاد واتفاق سے ایسے سازشی عناصر کا مقابلہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے علماء و مشائخ دہشتگردی اور دہشتگردوں کے  خلاف جنگ میں سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان اس وقت بدترین معاشی اور سیاسی عدم کا شکار ہے۔ دشمن ایک طرف ملک میں دہشت گردی کررہے ہیں اور دوسری طرف ہمیں آپس میں لڑا رہے ہیں۔ یہ وقت باہمی اختلافات کا نہیں بلکہ باہمی اتفاق واتحاد ہے جب تک قوم متحد نہ ہو دہشت گردی کی جنگ کے خلاف کامیابی ممکن نہیں ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام الناس سیکورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں جبکہ ہمارے سیاستدان اور حکمران قوم اور ملک کی خاطر متحد ہوجائیں اختلافات کو بالائے طاق رکھ دیں، انہوں نے کہا کہ داخلی انتشار اور افراتفری سے ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کی سازش ہورہی ہے۔ کچھ عناصر اپنے سیاسی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو بھی داو پر لگانا چاہتے ہیں۔ ان کی روک تھام کو یقینی بناتے ہوئے منفی سیاست کا خاتمہ نا گزیر ہے۔ پاکستان کی آزادی، خود مختاری اور سلامتی سب کچھ داوپر لگ چکا ہے۔پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی نے دہشتگردوں کے خلاف بھر پور کاروائی پرپولیس اور سیکورٹی فورسزکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے، خیبرپختونخوا  کے بعد کراچی میں دہشت گردوں کا سرگرم ہونا انتہائی خطرناک ہے۔ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے دہشت گردی کی نرسریوں کو تباہ کرے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت دہشت گردوں کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو قانون کی گرفت میں لائے۔     

مزیدخبریں