الخدمت کا ترکیہ میں ریلیف آپریشن ،متاثرین مدد کے منتظرہیں،نوید علی بیگ

Feb 19, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے ترکیہ اورشامی زلزلہ زدگان کیلئے ریلیف آپریشن جاری ہے۔ الخدمت کے رضاکاروں کی 47 رکنی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ترکیہ کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں مصرف ہے، جسے اے ایف اے ڈی نے پاک 10 کا نام دیا ہے۔ یہ ٹیم ملبے میں انسانو زندگی کی تلاش کے جدید آلات سے لیس ہے۔ الخدمت رضاکاروں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں جو اپنی پارٹنر تنظیموں سے ساتھ مل کر کام کر خدمات انجام دے رہی ہیں اورالخدمت کے رضاکار آڈیو سرچ کیمرہ، ہائیڈرالک کمبل ٹول، چینسا ڈی کٹ، چیپنگ ہامر، اینگل گرینڈر، گیس ڈیٹیکٹر،سپائن بورڈ، چیسٹ ایکسٹریکشن ڈیوائس ،فولڈنگ اسٹریچراوراور آرمی جیسے جدید آلات سے لیس ہیں،جبکہ اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے پرسنل ریسکیو ایمرجنسی ٹول کٹ میں ریسکیو بیگ، وارم کوٹ، جرابیں، دستانے، اونی ٹوپیاں، تھرمل ویسٹ، ہینڈ ہیلڈ ٹارچ، میگا فونز اور بیٹریز، بولٹ کٹرز، لائف لائن روپ اور ڈیڈ باڈی بیگز جیسا دیگر سامان بھی رضاکاروں کی کٹ میں شامل ہے۔ الخدمت کے رضاکار ترکیہ کہ شہر عدیمان اور انتاکیہ میں بھی جدید سازو سامان کے ساتھ ریسکیو ریلیف آپریشن حصہ لے رہے ہیں۔ الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم کے مطابق ابھی بھی گری ہوئی عمارتوں کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے ۔اس ملبے تلے انسانی زندگی کی موجودگی کا پتہ چلانے کیلئے جدید آلات کی مدد لی جارہی ہے۔ الخدمت کے رضاکار لوگوں کو امدادی اشیا بھی پہنچا رہے ہیں تاکہ متاثرہ ترک بہن بھائیوں کی مدد ہو سکے۔ دریں اثنا چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ کا نے کہا ہے ترکیہ وشام میں ریسکیو وریلیف آپر یشن جاری ہے۔الخدمت کے رضاکاروں کی ٹیم وہاں مستعدی سے کام کر رہی ہے۔رضاکار  جرمنی ، اٹلی ، ویتنام ، ہالینڈ ، سینیگا ل ، کرغیز ستان ، بحرین ، کوریاا ور دیگر ممالک کے رضاکاروں کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقوں میں جدید سازو سامان کے ساتھ ریسکیو ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ متاثرین تک دیگر غذائی اجناس اور پانی بھی پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت متاثرین زلزلہ کو خوراک اور شیلٹر کے ساتھ بڑے پیمانے پر میڈیکل ریلیف آپریشن کی ضرورت ہے۔ نوید علی بیگ نے اہل پاکستان خصوصاً اہل کراچی سے اپیل کی کہ اپنے ترکی وشامی بھائیوں کی مشکل گھڑی میں مدد کیلئے آئیں اور نقد رقم کی صورت میں نہیں عطیات دیں۔

مزیدخبریں