سابق برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کے طلاق کے دوران لکھے گئے خطوط نیلام کر دیے گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شہزادی ڈیانا کے خطوط1 لاکھ 45 ہزار 550 برطانوی پاؤنڈز (4 کروڑ 56 لاکھ 48 ہزار 632 پاکستانی روپے کے مساوی) میں نیلام ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شہزادہ چارلس سے طلاق کے دوران لیڈی ڈیانا نے اپنے 2 بہت ہی قریبی دوستوں کو 32 خطوط لکھے جو اب نیلام کیے گئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق لیڈی ڈیانا کے یہ خطوط اور کارڈز ان کے دوستوں نے 25 سال سے زائد عرصے تک اپنے پاس رکھے۔برطانوی میڈیا کے مطابق ایک خط جس میں شہزادی ڈیانا نے اپنے ٹیلیفون کے ریکارڈ ہونے کی فکر کا اظہار کیا تھا وہ خط 23 ہزار برطانوی پاؤنڈز میں نیلام ہوا۔رپورٹس کے مطابق ایک خط میں انہوں نے لکھا تھا کہ میری ہر طرف سے نگرانی کی جارہی ہے، دوستوں سے بات کرنے کا صرف خط ہی طریقہ ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق یہ خطوط 1995ء سے 1997ء کے درمیان لکھے گئے تھے۔واضح رہے کہ شہزادی ڈیانا 29 جولائی1981 کو برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔ان کی شادی کو فیری ٹیل میرج قرار دیا گیا اور دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے ان کی شادی کی تقریب دیکھی، ان کے 2 بیٹے شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری ہیں۔دنیا کے اس مقبول ترین شاہی جوڑے کے درمیان 15 سال بعد اگست 1996ء میں طلاق ہو گئی تھی۔شہزادی ڈیانا 31 اگست 1997ء کو پیرس میں ایک کار حادثے کے نتیجے میں دنیا سے رخصت ہو گئی تھیں۔یاد رہے کہ ان کے سابق شوہر چارلس اس وقت برطانیہ کے موجودہ شاہ ہیں۔