گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی جہاں گورنر پنجاب نے گورنر سندھ کو پنجاب میں خوش آمدید کہا۔
تفصیلات کے مطابق بلیغ الرحمان اور کامران ٹیسوری نے ملاقات کے دوران ملکی سیاست اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے کراچی پولیس چیف کے آفس پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی۔گورنر بلیغ الرحمان نے رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا۔گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید اہلکاروں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا. سب کو متحد ہو کر ملک کو ایک بار پھر دہشت گردی کے عفریت سے بچانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت بے پناہ معاشی چیلنجز کا سامنا ہے. ملک کی معیشت کو ایک بار پھر ازسر نو مضبوط کرنا ہو گا۔
دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ مل جل کر بیٹھ کر ایک ایسا راستہ نکالنا ہے جہاں پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت سب سے بڑا چیلنج دنیا میں پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ جمعے کی شب کراچی پولیس آفس پر ہونے والے حملے میں تمام دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ پولیس اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید اور 18 زخمی ہوئے تھے۔کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوابی ایکشن کے دوران 1 دہشت گرد عمارت کی چوتھی منزل پر جبکہ 2 چھت پر مارے گئے تھے۔