موجودہ حکمران ملک میں سیاسی آمریت کو فروغ دے رہے ہیں: عمران خان

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فون کالز ٹیپ کرنا ججوں پر دباؤ ڈالنے اور ملک میں قانون کی حکمرانی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، عدلیہ کے خلاف گھٹیا پروپیگنڈہ مہم شرمناک عمل ہے۔عمران خان نے لاہور میں زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ پر کالم نگاروں اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا  کہ مسلم لیگ ن کی عدلیہ پر حملہ کرنے کی تاریخ رہی ہے اور اس نے ججوں کو خریدنے کا برا عمل شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ ججوں پر دباؤ ڈالنے اور انہیں آئین کی بالادستی میں کردار ادا کرنے سے روکنے کے لیے غیر قانونی فون ٹیپنگ کو استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ”عدالت ہی قوم کی واحد امید تھی، اس لیے انہیں دباؤ میں آئے بغیر قانون کی حکمرانی اور آئین کو برقرار رکھنا چاہیے۔”انہوں نے الزام لگایا کہ چیف الیکشن کمشنر آئین کی خلاف ورزی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حمایت کر رہے ہیں.انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی انتقام کے ذریعے اپنے اتحادیوں کو خوفزدہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور اسی لیے موجودہ حکمران ملک میں سیاسی آمریت کو فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم قوم کے تعاون سے لاقانونیت، جمہوری اقدار کی پامالی اور معاشی تباہی کے اس شرمناک سلسلے کو روکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کے بغیر پاکستان میں استحکام کا حصول ناممکن ہے اور سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام حاصل نہیں کیا جا سکتا. انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو غلام بنانے کے لیے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی قوم کے تعاون سے لاقانونیت اور معاشی بحران کو ختم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے حقیقی آزادی کے لیے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن