اسلام آباد(وقائع نگار)کمشنر راولپنڈی کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات منظر عام پر آنے کے بعد الیکشن کمشن کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس کے بعد الیکشن کمشن کی خصوصی کمیٹی آج بروز پیر سے راولپنڈی ڈویژن کے تمام ڈی آر اوز اور ریٹرننگ افسران کے بیانات قلم بند کرے گی جبکہ راولپنڈی ڈویژن کے6 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے بیانات قلم بند کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن سے قومی اسمبلی کے 13 حلقوں کے ریٹرننگ افسران اور صوبائی اسمبلی کے26 حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے بیانات قلم کیے جائیں گے۔ انکوائری کمیٹی راولپنڈی کے ڈی آر اوز اور متعلقہ آر اوز کے اس سلسلہ میں بیانات قلمبند کر کے تین دن میں اپنی رپورٹ الیکشن کمشن کو پیش کرے گی۔ واقح رہے کہ کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد سابق کمشنر راولپنڈی کے خلاف توہین الیکشن کمشن کی کارروائی اور قانونی چارہ جوئی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
کمشنر چٹھہ کے الزامات، پنڈی ڈویژن کے ڈی آر اوز، آر اوز آج بیان ریکارڈکرائیں گے
Feb 19, 2024