کامیابی کا گزٹ نوٹیفکیشن ،آزاد ایم این ایزکے پاس کسی جماعت میں شمولیت کیلئے آخری دن

Feb 19, 2024

 اسلام آباد ‘ پشاور(وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ)  الیکشن کمیشن کی جانب سے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں کامیاب امیدواروں کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد تحریک انصاف کے نامزد کامیاب آزاد ارکان قومی اسمبلی کے پاس سیاسی جماعت میں شمولیت کیلئے صرف ایک دن رہ گیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات میں کامیاب امیدواروں کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، اعلامیہ کے مطابق آزاد امیدواروں کو آرٹیکل 106 کے تحت تین روز میں کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہونا ہوگا۔قومی اسمبلی کے ارکان کا گزٹ نوٹیفکیشن ہفتے کو جاری کیا گیا ہے اور نومنتخب ایم این ایز کو پیر کے روز تک کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیا ر کرنی ہوگی۔ارکان صوبائی اسمبلی کا اعلامیہ اتوار کو جاری کیا گیا ہے اس لیے ارکان صوبائی اسمبلی کو منگل تک کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کرنا ہوگا۔تحریک انصاف کو خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کے لیے کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کے لیے دو روز میں فیصلہ کرنا ہوگا جبکہ ارکان قومی اسمبلی کے پاس صرف چوبیس گھنٹے کا وقت ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کا قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-44 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ 113 سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے رکن علی امین گنڈاپورکی کامیابی کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نامزد وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-44 اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی کے-113 سے کامیابی حاصل کی تھی اور اب الیکشن کمیشن نے دونوں اسمبلیوں سے کامیابی کا گزٹ نوٹفیکیشن جاری کردیا ہے۔ جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے حلقے این اے 15 مانسہرہ کا اعلامیہ بھی روک دیا گیا۔صوبائی صدر امیر مقام کے حلقہ کا بھی گزٹ نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا۔اس کے علاوہ، این اے 27 خیبر، این اے 28 پشاور، این اے 38 کرک، این اے 40 شمالی وزیرستان اور این اے 43 ٹانک کا اعلامیہ بھی جاری نہ ہوسکا۔

مزیدخبریں