فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے الزام لگایا ہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کو 25 کروڑ روپے میں خریدا گیا ہے۔ نیویارک میں اوورسیز کے ذریعے ان کو فلیٹ دیا گیا ہے۔ فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا لیاقت چٹھہ نے بہت بڑا الزام لگایا، لیاقت چٹھہ نے 20 سال فیصل آباد میں نوکری کی،کرپٹ ترین مجسٹریٹ تھے، لیاقت چٹھہ کی جہاں بھی پوسٹنگ تھی کرپشن کی، ریٹائرمنٹ کے قریب پیسا لیکر چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس پر جھوٹا الزام لگایا ہے۔ پی ٹی آئی کی عادت ہے، جیت جاتے ہیں تو فیئر الیکشن، ہار جائیں تو الزامات لگاتے ہیں، لیاقت چٹھہ کا نام ای سی ایل پر ڈال کر انکوائری کی جائے۔ لیاقت چٹھہ کو آخری پوسٹنگ 5 کروڑ روپے لیکر عثمان بزدار نے دی تھی۔ پی ٹی آئی نے گزشتہ روز بھی 9 مئی 2 کرنے کی کوشش کی مگر ناکام ہوئے۔ علی امین کو اس لیے نامزدکیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ 9 مئی میں ملوث ہے۔ ان کا ایجنڈا ہے پاکستان رہے یا نہ رہے بانی پی ٹی آئی کو وزیراعظم بنایا جائے۔ سیاسی قیادت ملک کو مستحکم بنانے اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے مل کرکام کرے۔ پی ٹی آئی والے جہاں جاتے ہیں لوگوں کو خرید کر ایسے گھناؤنے کام کرتے ہیں، مولانا نے کہا تھا عدم اعتماد میں آپ ساتھ دیں بہت لوگ ہمیں سپورٹ کر رہے ہیں۔ نواز شریف نے کہا تھا اگر سادہ اکثریت ملی تو وزیراعظم بنوں گا، سادہ اکثریت نہیں ملی، نواز شریف نے شہباز شریف کو وزیراعظم کے لیے نامزدکیا۔ مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو پانچ سال پورے کرے گی۔
کمشنر پنڈی کو 25 کروڑ میں خریدا‘ نیویارک میں فلیٹ دیا گیا: راجہ ریاض کا الزام
Feb 19, 2024