لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور پی ایس ایل سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔شہریوں نے آئی جی پنجاب کیساتھ سیلفیاں بنوائیں۔انہوںنے کہا کہ پنجاب پولیس قومی و بین الاقوامی سپورٹس سرگرمیوں کے محفوظ اور پرامن انعقاد کیلئے کوشاں ہے، پی ایس ایل 2024ء میں شامل کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کیلئے بھرپور سکیورٹی یقینی بنائی جا رہی ہے۔سینئر پولیس افسران نے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب نے ٹیموں کے روٹ، سٹیڈیم کے انٹری گیٹس، پارکنگ ایریاز سمیت مختلف مقامات پر سکیورٹی ڈیوٹی چیک کی۔آئی جی پنجاب نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کو انتہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی اور کہا کہ 20 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار پنجاب میں پی ایس ایل میچز کی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ سٹیڈیم، روٹس کی بلند عمارتوں پر تعینات سنائپرز اطراف کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں،ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس ٹیمیں موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و اہلکار سٹیڈیم آنیوالے شائقین کیساتھ دوران چیکنگ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ سی سی پی او لاہور اور آر پی او ملتان نے سکیورٹی اور ٹریفک سمیت تمام انتظامات کی خود نگرانی کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس نے پی ایس ایل میچز کی سکیورٹی کیلئے پہلے سے زیادہ بہتر حکمت عملی اپنائی ہے، پی ایس ایل میچز کے پرامن انعقاد کیلئے پولیس نے ضلعی انتظامیہ، سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں سے کوارڈینیشن کیساتھ انتظامات یقینی بنائے ہیں، ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس کرکٹ ٹیموں کے روٹس، سٹیڈیم کے اطراف موثر پٹرولنگ جاری رکھے ہوئے ہیں، ٹیموں کے روٹ، سٹیڈیم، قیام گاہ سمیت اہم مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں سے ہمہ وقت مانیٹرنگ یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ڈیوٹی پوائنٹس پر پولیس جوان انتہائی الرٹ ہیں اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔شہریوں کی آگاہی،ٹریفک روانی کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے، شائقین کھیل سے لطف اندوز ہونے کیلئے پولیس ہدایات پر عمل کریں۔