لکڑی کا کام کرنیوالے کی مہارت فرنیچر سازی میں بنیادی حیثیت ہیں:میاں کاشف 

لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ فرنیچر کی صنعت لکڑی کے ہنر مند کاریگروں کی شدید کمی سے دوچار ہے جس کی وجہ سے برآمدی مال کی بروقت تیاری اور ترسیل میں تاخیر ہو رہی ہے اور صنعت کی کارکردگی، منفعت اور ساکھ کو چیلنجز درپیش ہیں۔ گزشتہ روز فریاد احمد رضا کی قیادت میں فرنیچر مینوفیکچررز کے وفد سے گفتگو میںکہا لکڑی کا کام کرنیوالے کارکنوں کی مہارت فرنیچر سازی میں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔ پیچیدہ ڈیزائن بنانے سے لے کر لکڑی کے ٹکڑوں کو فرنیچر کی صورت میں زندگی دینے تک ان ہنرمندوں کی اہمیت مسلمہ ہے تاہم پاکستان میں ہنر مند کاریگروں کی مانگ مارکیٹ میں دستیاب افرادی قوت سے بہت زیادہ ہے۔ اس کمی کا باعث مختلف عوامل ہیں جن میں محدود پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام، کم اجرت اور نوجوان نسل میں اس شعبے میں کیریئر بنانے میں دلچسپی کا فقدان شامل ہے۔ اس قلت کا پہلا اور فوری اثر برآمدی آرڈرز کو بر وقت پورا کرنے میں ناکامی کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ برآمدی فرنیچر مینوفیکچررز عالمی مارکیٹ میں اپنی ساکھ کو برقرار رکھنے کیلئے آرڈرز کی بروقت فراہمی پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن