لاہور (سپورٹس رپورٹر) 21 سال بعد یورپی ہاکی کلپ پاکستان پہنچ گیا ہے، ڈچ کلب اور ایچ ای سی ٹیلنٹ ہنٹ ٹیم کے درمیان تین میچ کھیلے جائیں گے۔ لاہور میں علامہ اقبال ائیرپورٹ پر ہاکی اولمپئن خواجہ جنید اور ایچ ای سی کے آفیشلز نے 21رکنی ڈچ ہاکی کلب کا پرتپاک استقبال کیا۔ آج19اور 21فروری کو لاہور کا نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ڈچ کلب اور ہائر ایجوکیشن کمیشن ٹیلنٹ ہنٹ کے درمیان میچ کھیلا جائیگا، تیسرے میچ کی میزبانی 23فروری کو اسلام آباد کریگا۔ مہمان دستے کے چیف ڈی مشن طاہر شاہ، مینجر ٹن لنگ ہیسجن ہیں، ریفری پیٹرک ملر بھی ڈچ کلب کیساتھ لاہور پہنچے ہیں۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میچ ساڑھے بارہ بجے شروع ہوگا۔تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کو شہدائے پنجاب پولیس کے نام کیا گیا ہے۔ ڈچ ہاکی کلب نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ایک گھنٹے تک پریکٹس کی۔کھلاڑیوں نے رننگ اور مختلف ڈرلز کے ذریعے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا اور ہالینڈ ایمبیسی سٹاف نے بھی ٹریننگ دیکھی۔عاطف رانا نے ہالینڈ ایمبسی سٹاف اور کپتانوں کیساتھ ٹرافی کی رونمائی بھی کی۔ عاطف رانا کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کرکٹ کیساتھ ہاکی میں بھی پاکستان کا مثبت امیج بڑھانے کیلئے کوشاں ہے۔ڈچ ہاکی کلب آج لاہور قلندرز کا قذافی سٹیڈیم میں میچ دیکھنے بھی آئیگا۔