لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد شاہ نے کہا کہ پراسیکیوٹرز کو درپیش مسائل کو جلد حل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ قانونی برادری کے دفاعی وکلاء کو بھی لیکچر کیلئے بلانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پراسیکیوٹر کو مقدمہ کی بحث میں ابتدائی تقریر، کراس ایگزامینیشن اور پیشہ ورانہ انداز میں کیس کو کیسے پیش کیا جائے کو مزید سیکھنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ سینئر ججوں سے بھی درخواست کی جائے گی کہ وہ بھی اس پروگرام کا حصہ بنیں۔ یہ بات انہوں نے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب آفس میں پری ٹرائل پراسیکیوٹرز کی عملی تربیت کے سلسلہ میں لیکچر دیتے ہوئے کہی۔ سید فرہاد شاہ نے کہا کہ پنجاب پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہورہا ہے کہ وہ اور ان کی قانونی ٹیم نے پراسیکیوٹرز کی عملی تربیت کیلئے لیکچرز سیریز شروع کی ہے جس کے تحت وہ اپنے ذاتی تجربات شیئر کریں گے اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے بارے میں بتائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ انٹرایکٹو لیکچر کے ذریعہ قانونی، طبی اور فارسینک سائنس کے موضوع پر پری ٹرائل اور پوسٹ ٹرائل پراسیکیوٹرز کو عملی تربیت دی جائے گی۔ امید ہے کہ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کا یہ قدم انصاف کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں قانون، انصاف کی فراہمی پراسیکیوشن کی اولین ترجیح ہے۔
معاشرے میں قانون، انصاف کی فراہمی پراسیکیوشن کی اولین ترجیح :سید فرہاد
Feb 19, 2024