نئی دہلی (آئی این پی) دہلی چلو مارچ کے پانچویں دن بھارتی کسان یونین نے بی جے پی رہنماں کے گھروں کے باہر احتجاج کا منصوبہ بنا لیا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کسان یونین(ایکتا اوگرہن)پنجاب میں بی جے پی کے تین سینئر رہنماوں کی رہائش گاہوں کے باہر احتجاج کرے گی۔ بھارتی کسان یونین پنجاب کے سابق وزیراعلی امریندر سنگھ، بی جے پی کی پنجاب یونٹ کے سربراہ سنیل جاکھڑ اور سینئر لیڈر کیول سنگھ ڈھلوں کے گھروں کے باہر دھرنے دینے کیلئے تیار ہیں۔ یونین بھارت کے سینکڑوں ٹول پلازوں پر احتجاج بھی کرے گی، جس میں کسانوں کی "دہلی چلو مارچ" کیساتھ اپنی حمایت کا اعلان کرے گی۔ دہلی چلو مارچ کے ساتھ یکجہتی کے لیے گرونام سنگھ چارونی کی زیر قیادت بھارتیہ کسان یونین ٹریکٹر ریلی نکالے گی، منگل کو نکلنے والی دہلی چلو مارچ کو شمبھو اور خانوری کے سرحدی علاقوں میں مودی کے سیکورٹی اہلکاروں نے پانچویں دن بھی رو کے رکھا ۔ کسان یونین کا کہنا ہے کہ مودی کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کے باوجود کسان اپنے حق کے لیے ڈٹے رہیں گے، کسانوں کی جانب سے مطالبات کی منظوری تک مارچ جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دہلی چلو مارچ، کسانوں کا بی جے پی رہنماؤں کے گھروں کے باہر احتجاج کا اعلان
Feb 19, 2024