سرگودھا ‘سوات‘مری ( نمائندہ خصوصی ‘این این آئی‘آئی این پی)سرگودھا اور گردونواح میں بوندا باندی کے باعث ٹھنڈی ہواؤں سے موسم پھر سرد ہو گیا۔سوات کے سیاحتی مقامات مالم جبہ اور کالام کے علاوہ وادی کاغان اور مری میں برفباری ہوئی جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا‘ مسلسل برفباری کے بعد سیاحتی مقامات میں ہر سو سفیدی چھاگئی، خوبصورت نظاروں سے لطف اٹھانے سیاحوں نے سوات کا رخ کرلیا۔میدانی علاقوں مینگورہ اور دیگر علاقوں میں بارش کا سلسلہ بھی جاری رہا۔اسی طرح ایبٹ آباد شہر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا۔ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ملکہ کوہسار مری میں ممکنہ برف باری کے پیش نظر سیاحوں کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کر دی۔ چیف ٹریفک آفیسر تیمور خان کا کہنا ہے کہ مری کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، ممکنہ برف باری کے پیش نظر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ملکہ کوہسار مری میں اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر نے کہا مری آنے والے سیاحوں کو تمام انٹری پوائنٹس پر آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں ۔ سرگودھا اور گردونواح میں صبع سویرے شروع ہونے والی بوندا باندی کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو پھر سے سرد کر دیا اور لوگوں نے گرم ملبوسات پہن لئے جبکہ نصف شہر میں بجلی کا بریک ڈاؤن بھی جاری رہا۔جس کے باعث لوگوں الیکٹرک ہیٹر کا استعمال بھی نہ کر سکے۔
مری ‘ مالم جبہ ‘کالام‘ کاغان برفباری ،سرگودھا ‘ مینگورہ ‘ ایبٹ آبادمیں بارش
Feb 19, 2024