لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پنجاب پولیس نے قتل کی 6 سے زائد وارداتوں میں مطلوب خطرناک شوٹر طیب اعجاز دبئی سے گرفتار کر لیا۔ اشتہاری طیب اعجاز کو لے کر پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل کی ٹیم متحدہ عرب امارات سے پاکستان پہنچ گئی ہے۔ خطرناک شوٹر طیب اعجاز کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان منتقل کیا گیا۔ طیب اعجاز گوجرانوالہ پولیس کو قتل کی وارداتوں میں مطلوب تھا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا طیب اعجاز کی گرفتاری سے رواں برس بیرون ملک سے گرفتار اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 13 ہو گئی ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطرناک اشتہاری کو گرفتار کرنے پر سپیشل آپریشن سیل کی ٹیم کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ قانونی کاروائی جلد مکمل کرتے ہوئے مجرم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا مزید اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے انٹرپول اور ایف آئی اے کے ساتھ کوآرڈینیشن کو مزید موثر بنایا جائے۔