اسلام آباد (نیٹ نیوز) غیر سرکاری تنظیم فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک فافن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے الیکشن کمشن چیلنج کئے گئے حلقوں کے نتائج کا آڈٹ کرے۔ فافن رپورٹ کے مطابق جن حلقوں کے نتائج کو چیلنج کیا گیا الیکشن کمشن ان کی جانچ پڑتال کرے، آڈٹ میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں اور آزاد مبصرین کو شامل کیا جائے، الیکشن کے بعد کی صورتحال کا تقاضا ہے الیکشن کمشن فوری ردعمل دے۔ فافن نے مزید کہا الیکشن کی سرکاری دستاویزات کی تحقیقات کی جائیں، پریذائیڈنگ افسر یا آر او کی سیل کے ساتھ کھولے گئے بیگز کو دیکھا جائے، بیلٹ پیپرز، اکاؤنٹ بیگ، جاری بیلٹ پیپرز کی کاؤنٹر فائل کو دیکھا جائے، انتخابی فہرست کی مارک کاپی کو دیکھا جائے، گنتی میں شامل، خارج کئے گئے اور ضائع بیلٹ پیپرز کا جائزہ لیا جائے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا پہلے مرحلے میں دستاویزات بشمول نتیجہ فارم کے درست ہونے کا جائزہ لیا جائے، پہلے مرحلے میں دستاویزات بشمول نتیجہ فارم کی مکمل دستیابی کا جائزہ لیا جائے، دوسرے مرحلے میں غیر تصدیق شدہ فارم کے انتخابی نتائج پر اثرات کا جائزہ لیا جائے، تیسرے مرحلے میں الیکشن آفیشلز کا احتساب کیا جائے۔ فافن نے کہا انتخابات کیلئے 15 لاکھ الیکشن عملہ تعینات تھا، الیکشن عملے نے گنتی، ٹیبولیشن اور نتائج مرتب کئے جس سے تنارعات پیدا ہوئے، الیکشن کمشن فارم 45 کی مختلف کاپیوں کی حقیقت کی وضاحت کرے۔