چیف الیکشن کمشنر قومی مجرم ، معافی مانگ لیں ورنہ آرٹیکل 6لگے گا، حلیم عادل

کراچی(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ فارم 45کے مطابق کراچی میں قومی اسمبلی کی 22میں سے 20اور صوبائی کی 40سیٹوں پرکامیابی حاصل کی، چیف الیکشن کمشنر قومی مجرم ہیں، بہتر ہے معافی مانگ لیں ورنہ وقت آنے پر آرٹیکل 6لگے گا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آج ایک پیغام دینے آیا ہوں،چیف الیکشن کمشنر ممبران اور آر اوز،نگراں حکومت یہ لوگ دلدل میں دھنس چکے ہیں جتنا زور لگائیں گے،اتنا پھنستے جائیں گے،چیف الیکشن کمشنر قوم کا مجرم ہے، وقت ہے معافی مانگ لیں ورنہ آرٹیکل 6 لگے گا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سب سے پہلے وقت پر الیکشن نہیں کروایا، آئین میں لکھا ہے صاف شفاف الیکشن کرانا ہوتا ہے، الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے عوام کی توہین کی ہے، انہوں نے مینڈیٹ کی توہین کی ہے۔پی ٹی آئی سندھ کے صدرنے کہاکہ پرسوں بھی اسلام آباد میں پریزینٹیشن دی گئی، اس میں بتایا گیا کس طرح فارم 45 سے 80 سیٹیں ہم جیتے ہیں، جس کو مینیج کر کے فارم 47 میں ہرا دیا گیا،گزشتہ روز کمشنر راولپنڈی نے ان کا کچا چٹھا کھول دیا۔انہوں نے کہا کہ171دن جیل میں رہنے کے بعد پرسوں رہا ہوا ہوں، مجھے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا،کلبھوشن یادیو سے زیادہ مجھ پر سختیاں کی گئیں، 8فروری کو کپتان جیت گیا قوم جیت گئی، پرسوں کہا گیا پریزینٹیشن میں اسکرین شاٹ دکھائے گئے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہمارے پاس کراچی کے تمام فارم 45 موجود ہیں، سارا ڈیٹا انٹرنیٹ پر رکھا جا چکا ہے، میرے حلقے 238 کن سارے 45 فارم موجود ہیں، میڈیا کو سارے فارم 45 ہر پولنگ سے ملے تھے ، سب سے پہلے ن لیگ نے میڈیا پر عدم اعتماد کیا۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہاکہ حیدرآباد کی 2 اور کراچی کی 20 سیٹوں پر فارم45 کے مطابق ہم جیتے، کراچی کی 40 صوبائی نشستوں پر ہم فارم 45 کے مطابق جیتے، کراچی میں پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کو ووٹ پڑا ہے، ہم نے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد نے ایم کیوایم اور پیپلز پارٹی کو مسترد کردیا ہے، اندرون سندھ اور شہروں میں طریقہ واردات مختلف تھا۔پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے دعوی کیا ہے کہ تحریک انصاف نے کراچی میں قومی اسمبلی کی 20 نشستیں جیتی ہیں۔ اتوار کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ فارم 45 کے مطابق کراچی میں قومی اسمبلی کی 22 میں سے 20 اور صوبائی کی 40 سیٹیں جیتے ہیں۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر کا کہنا تھا کہ حیدر آباد میں بھی قومی اسمبلی کی دو سیٹیں ہم بھاری مارجن سے جیتے ہیں۔ حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کو ووٹ پڑا ہے۔

ای پیپر دی نیشن