راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے خانقاہی نظام سے منسلک مخلوقِ خدا کو یہ تعلیم دی جاتی ہے جو کچھ بھی کرو خالصتا ربِ رحمن کی رضا کی خاطر کرو اور اس دنیا میں جو بھی وقت ہمارے پاس موجود ہے اس کا ایک ایک لمحہ شکر گزاری میں گزارو ۔ہمیں اپنے پیارے وطن پاکستان کے متعلق نا امیدی اور مایوسی پر مبنی گفتگو کرنے سے پر ہیز کرنا چاہئے۔ یہ ہمارا کام نہیں کہ بحث میں پڑیں کہ نظام کیسے چلے گا یہ مخلوق کسی شخص کے ذمے نہیں بلکہ ربِ رحمن مخلوق کو سنبھالنے والا اور نظام کو چلانے والا ہے ہمیں چاہئے کہ دوسروں کی بجائے اپنا محتسب بنیں اور اپنی ذات میں موجود خرابیوں اور کوتاہیوں کو دور کریں تا کہ معاشرے میں ایک مثبت تبدیلی رونما ہو سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل سے ماسٹر محمد ارشد، قاری محمدسلیم شہزاد، راجہ منظور حسین اور خواجہ وجاہت جمیل نے بھی خطاب کیا جبکہ دربارِ رسالت مآب ؐ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامر، محمد طاہر اور عبدالکبیر نقشبندی نے پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر پیرمحمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحا دبین المسلمین اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بربریت سے نجات اور آباد کاری کے لئے خصوصی دعا کی۔