لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان ٹیم نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ کھلاڑیوں نے جم کر پریکٹس کی، نیشنل سٹیڈیم کے اوول گرائونڈ پر پاکستانی ٹیم نے دوسرا پریکٹس سیشن کیا، اس دوران فاسٹ باؤلر حارث روف نے بھی باؤلنگ کی۔ کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن سے پہلے فزیکل ٹریننگ کی، اس کے بعد کیچنگ اور پھر باؤلنگ اور بیٹنگ کے نیٹ پر جوہر دکھائے۔فاسٹ باؤلر حارث رئوف نے باؤلنگ کی لیکن وہ چند ہی اوور کرانے کے بعد تھرو کی پریکٹس کرتے نظر آئے جبکہ ٹیم کے دیگر باؤلرز پورے ردھم کیساتھ باؤلنگ اور بیٹر بیٹنگ کرتے رہے۔ قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ غلطیوں سے سیکھ رہے ہیں، چیمپئنز ٹرافی میں بہترین کھیل پیش کریں گے۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹرائی سیریز کے فائنل میں نیوزی لینڈکیخلاف پہلے خود بیٹنگ کی تاکہ ہمیں اپنی غلطیاں نظر آئیں، ہمیں پتہ چلے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں، ہم نے پچھلے میچوں سے بہت کچھ سیکھا کوشش کریں گے اب وہ غلطیاں نہ ہوں بہت سی چیزیں ہماری اوپر نیچے ہیں، ہمیں ابھی بہت ساری چیزوں میں بہتری لانی ہے، ہمیں بہادری،تکنیک اور محنت سے کھیلنا ہوگا، ہم سے ایک سے دوفیصد کے فرق سے میچز جارہے ہیں، ہم سے آخر میں جاکر کچھ نہ کچھ کمی رہ جاتی ہے، میچ میں کمی بیشی پوری کرنے کے کوشش کر رہے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی میں کچھ مختلف کرنے کی کوشش نہیں کی، میچ ہاتھ سے نہ نکلے اس پر کام کر رہے ہیں، ٹیم جیت کیلئے پرعزم ہے، چیمپئنز ٹرافی میں بہترین کھیل پیش کرینگے، بحیثیت کپتان اس وقت خوشی ہوتی ہے جب ٹیم کی پرفارمنس سے جیت ہوتی ہے، ہم سینئر کھلاڑی ہیں ذمہ داری لینی چاہیے۔ حارث رؤف فٹ ہیں اور پریکٹس سیشن میں باؤلنگ کر رہے ہیں، اوپننگ کیلئے ٹیم میں آپشنز موجود ہیں ، بابر اعظم ٹیکنِیکل پلیئرہیں وہ ہی اوپن کریں گے، صرف میں اور بابر ہی نہیں بلکہ سب چاہتے ہیں ٹائٹل جیتیں ، ہمارے ہاتھ میں جو ہے وہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آئی سی سی کا ایونٹ پوری قوم کو انجوائے کرنا چاہیے ، سٹیڈیمز ریکارڈ مدت میں بنے ہیں ، چیمپئنز ٹرافی ہم پہلے بھی جیتے ہوئے ہیں ، ٹائٹل کا دفاع کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے،ٹیسٹ میں بھی نمبر ون بنے ، کوئی شک نہیں پاکستان نے ماضی میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔