قاہرہ، غزہ (این این آئی + نیٹ نیوز) فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس رواں ہفتے چار اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کرے گی۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، حماس جمعرات کو ریڈ کراس کے ذریعے یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیلی حکام کو سونپے گا، جبکہ ہفتے کے دن مزید تین یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔یہ پہلا موقع ہے جب جنگ بندی کے بعد حماس یرغمالیوں کی نعشیں واپس کر رہا ہے۔ ان میں وہ یرغمالی شامل ہیں جو جنگ کے دوران بیماریوں یا اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق 27 فروری کو مزید چار یرغمالیوں کی نعشیں حوالے کی جائیں گی۔ بدلے میں اسرائیل 7 اکتوبر کے بعد غزہ سے گرفتار کی گئی تمام خواتین اور بچوں کو رہا کرے گا۔دوسری جانب عرب ٹی وی نے نجی ذرائع کے حوالے سے غزہ سے متعلق عرب دستاویز کی اہم دفعات کا انکشاف کردیا ہے۔عرب ٹی وی نے بتایا کہ غزہ سے متعلق عرب منصوبے میں بین الاقوامی فریقوں کے وعدے شامل ہیں کہ اسرائیل غزہ میں فوجی کارروائی نہیں کرے گا۔ اس میں غزہ میں 10 سال سے کم مدت کے لیے جنگ بندی کی شق بھی شامل ہے۔ ذرائع نے بتایا عرب ممالک رواں ماہ کے آخر تک غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے سے امریکہ کو آگاہ کر دیں گے۔ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ عرب ممالک غزہ جنگ کو مستقل طور پر روکنے اور تعمیر نو کے لیے ایک جامع دستاویز تیار کرنے کے خواہاں ہیں ۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے امریکی وزیر خارجہ نے ریاض میں ملاقات کی۔ غزہ جنگ بندی معاہدے اور مسئلہ فلسطین پر بات کی گئی۔