ریاض‘ کیف (نوائے وقت رپورٹ) روس اور یوکرائن کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ اور روس نے سعودی عرب میں بات چیت کا آغاز کر دیا۔ اعلیٰ سفارت کاروں کے درمیان گزشتہ روز سعودی عرب میں اہم ملاقات ہوئی جہاں دوطرفہ تعلقات کی بحالی اور یوکرائن جنگ کے خاتمے کی کوششوں پر بات چیت کی گئی۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، قومی سلامتی مشیر مائیک والٹز، خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف پر مشتمل امریکی ٹیم سے ملاقات ہوئی ہے۔ فریقین نے کہا کسی پیشرفت کا امکان کم ہے۔ کسی نتیجہ پر پہنچنے میں وقت لگے گا۔ دورہ امارات پر یوکرائنی صدر زیلنسکی نے کہا ان مذاکرات میں شریک نہیں ہوں گے۔ کسی ایسے معاہدے کو نہیں مانیں گے جس میں یوکرائن شامل نہ ہو۔ ایسے معاہدے پر دستخط کریں گے جس میں سکیورٹی ضمانتیں موجود ہوں‘ جنگ کے خاتمہ کیلئے صدر پیوٹن پر دباؤ بڑھانے کیلئے چین کی شمولیت اہم ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں حائل دشواریوں پر بات چیت کا میکنزم بنانے‘ یوکرائن جنگ خاتمے پر بات چیت شروع کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی ٹیموں کی تقرری پر اتفاق ہوا۔ تیل و گیس کی عالمی قیمتوں سمیت مستقبل میں معاشی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وزیر مملکت مساعد العیبان نے بھی شرکت کی۔