پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور ہائی کورٹ نے سابق سپیکر و رکن قومی اسمبلی اسد قیصر کو حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے 8 اپریل تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ رکن قومی اسمبلی اسد قیصر کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے لیے دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس عبدالفیاض نے کی۔ دوران سماعت اسد قیصر نے کہا کہ اس رمضان میں بھی عمرہ کے لیے جانے کا ارادہ ہے۔ اس لیے تاریخ رمضان کے بعد دی جائے۔ دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا ہے کہ امن و امان کی بحالی ریاست کا کام ہے، کرم میں کل جو واقعات ہوئے اس کی مذمت کرتا ہوں،5 لوگ شہید ہوگئے ہیں، افغان پالیسی نئے سرے سے بنانی چاہیے۔ تمام سٹیک ہولڈر کو مل کر نئی پالیسی بنانی ہوگی، اس وقت ملک میں قانون نہیں ہے، لوگوں کے بنیادی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس اسمبلی کی خود کوئی حیثیت نہیں ہے، اس سے یہ قانون سازی کر رہے ہیں، جعلی اسمبلی سے قانون سازی کی کوئی اہمیت نہیں۔