اڑان پاکستان پروگرام کا مقصد تجارتی حجم کو دس سال میں 1 ٹریلین ڈالر تک پہنچانا ہے، قیصر شیخ

اسلام آباد (نمائندہ  خصوصی)وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے منگل کے روز 17ویں سالانہ کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (سی ایس آر) سمٹ اور ایوارڈز 2025 میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب پاکستان کے لیے علاقائی تجارت کے فروغ پر فوکس کرنے کا صحیح وقت ہے تاکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر نے عالمی رجحانات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چین اور تائیوان کے درمیان تنازعات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان علاقائی تجارت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے بنگلہ دیش اور بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔قیصر احمدشیخ نے حکومت کے اقتصادی بحران سے نکلنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے "اڑان پاکستان" پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد تجارتی حجم کو 370 ارب ڈالر سے بڑھا کر اگلے دس سال میں 1 ٹریلین ڈالر تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی برآمدات کو اگلے چار سالوں میں دوگنا کرنے کی تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ وزیر نے اقتصادی بہتری کی اہم پیشرفتوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مہنگائی 22% سے کم ہو کر 2% تک آ چکی ہے، اور حکومت کی اقدامات کی بدولت گزشتہ سات ماہ میں ترسیلات زر میں 25% کا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی کرنسی بھی مستحکم ہوئی ہے اور غیر ملکی ذخائر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیر نے پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیت اور کاروبار کرنے کی لاگت کو کم کرنے کے لیے جاری کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آنے والے مہینوں میں بجلی کی قیمتوں میں بڑی کمی آئے گی، جبکہ پالیسی ریٹ کو 22% سے کم کر کے 11% کر دیا گیا ہے تاکہ اقتصادی سرگرمیوں کو تحریک دی جا سکے۔قیصر شیخ نے مختلف اداروں اور کمپنیوں کی جانب سے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ایوارڈز سمٹ کے منتظمین کو مبارکباد دی۔

ای پیپر دی نیشن