خواجہ کارپوریشن فلائی اوور کو عید سے پہلے مکمل کیا جائے،کمشنر راولپنڈی 

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی ڈویثرن انجینئر عامر خٹک نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کے ہمراہ خواجہ کارپوریشن فلائی اوور اور جی پی او چوک پر بننے والے انڈرپاس کا دورہ کیا انہوں نے منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت اور جاری شدہ تعمیراتی کام کا جائزہ لیا کمشنرراولپنڈی ڈویژن نے ہدایت کی کہ خواجہ کارپوریشن فلائی اوور کو عید سے پہلے مکمل کیا جائے تاکہ اڈیالہ روڈ پر دیرینہ ٹریفک جام کے مسئلے سے نجات مل سکے اس موقع پر کمشنر راولپنڈی کو منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ 05 دسمبر 2024 کو آلاٹ ہونے والے  اس منصوبے میں 45 % کام  مکمل ہو چکا ہے۔ منصوبے میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اس کی رفتار پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ مقررہ مدت میں مکمل ہو کر یہ منصوبہ عوام کے لئے بھرپور سہولت کا باعث بن سکے بعد ازاں کمشنر راولپنڈی نے جی پی او چوک انڈرپاس کا بھی دورہ کیا انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے، جی پی او چوک اور ٹی ایم چوک میں بننے والے انڈر پاس کے لئے ایف ڈبلیو او کو کنٹریکٹ دیا گیا ہے انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی راہ میں آنے والے تمام کاروباری مراکز کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور انہیں پراپر پارکنگ سپیس دی جائے گی انہوں نے ہدایت کی کہ اس منصوبے سے وقتی طور پر متاثر ہونے والے تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ رکھا جائے اور ان کی تجاویز کو مقدم رکھا جائے۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف عوام کو آسانی اور محفوظ سفر کی ضمانت ملے گی بلکہ شہر کی مجموعی ٹریفک صورتحال میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے تمام وسائل استعمال کرتے ہوئے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن