عظمیٰ بخاری کا محمد علی سیف کے بیان پر ردعمل

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز ایک سال بعد عوام کے سامنے اپنی کارکردگی پیش کرنے والی پہلی وزیراعلیٰ ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے مریم نواز کی کارکردگی پر اطمینان کی مہر ثبت کر دی ہے، جبکہ ایک جماعت اور اس کے رہنما مسلسل مریم نواز کے خلاف نازیبا زبان استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بانی پی ٹی آئی مریم نواز کے خلاف اخلاق سے گری گفتگو کرتا تھا، اور اب یہ کام علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف نے بھی شروع کر دیا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے طنزیہ انداز میں کہا کہ خط لکھنے کی روایت بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھیوں کی پرانی عادت ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ اور ان کے ترجمان کی مریم نواز کے خلاف گفتگو دراصل بانی پی ٹی آئی کی دی گئی تربیت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز آج پنجاب سمیت پاکستان کے نوجوانوں کی پسندیدہ لیڈر بن چکی ہیں، اور نارووال کے کامیاب جلسے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد اس بات کا واضح ثبوت ہے۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ اڈیالہ جیل کا قیدی اور اس کے ساتھی مریم نواز کے خلاف بغض میں مبتلا ہیں۔ ان کے بقول، مریم نواز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے دو صوبوں کی حکومتیں سخت پریشان ہیں۔انہوں نے مخالفین کو مشورہ دیا کہ وہ تعصب کی عینک اتار کر پنجاب میں جاری بہترین منصوبوں کی تعریف کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو عوامی خدمت کا درس اپنے والد سے ملا ہے، اور وہ اسی وژن کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن