پولیس تشدد : سات بچوں کے باپ کو ہلاک کر دیا۔ واقعہ پر ورثاءاور اہل علاقہ سراپا احتجاج۔ مظاہرین کا شدید احتجاج

لاہور (نامہ نگار) سی آئی اے سول لائنز پولیس نے مبینہ تشدد کرکے سات بچوں کے باپ کو ہلاک کر دیا۔ اس واقعہ پر ورثاءاور اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے لاش سمیت گورنر ہاﺅس کے باہر پہنچنے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ ہوائی فائرنگ کی اور خاردار تاریں لگاکر سڑکیں بلاک کر دیں جس پر مظاہرین نے لاہور پریس کلب کے باہر لاش رکھ کر شدید احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق سی آئی اے سول لائنز نے برکی کے علاقہ نتھوکی کے رہائشی تین بیٹوں اور چار بیٹیوں کے باپ 46 سالہ نیامت کو گھر سے اٹھایا اور اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ دم توڑ گیا۔ اس واقعہ پر ورثاءاور اہل علاقہ نے برکی نتھو گاﺅں کے سامنے سڑک بلاک کر کے احتجاج کیا اور پھر ٹرالیوں پر لاش رکھ کر شاہراہ قائداعظم پر گورنر ہاﺅس کے سامنے احتجاج کے لئے نکلے تو پولیس نے انہیں روکنے کے لئے زبردست لاٹھی چارج کیا اور ہوائی فائرنگ کی۔ لاٹھی چارج سے متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے دھرم پورہ انڈر پاس اور دیگر راستوں پر خاردار تاریں بچھاکر مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔ پولیس کی طرف سے راستے بند کرنے کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور لوگ جام ٹریفک میں پھنسے رہے۔ بعدازاں مظاہرین نے لاہور پریس کلب شملہ شہاڑی کے باہر پہنچ کر لاش سڑک پر رکھ کر احتجاجی دھرنا دیا اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس نے نیامت کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کرکے گرفتار کیا اور پھر ہلاک کر دیا۔ دوسری طرف سی آئی اے پولیس کے مطابق نیامت اغوا اور قتل کے مقدمات میں ملوث تھا۔ جی این آئی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پولیس کی حراست میں ملزم کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے ڈی آئی جی میجر (ر) مبشر اللہ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کرکے واقعہ کی تحقیقات کرنے اور 48گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...