اورکزئی ایجنسی/ پشاور (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) اورکزئی ایجنسی کے علاقے ماموزئی اور سما بازار میں فورسز کی بمباری سے 9شدت پسند جبکہ خیبر ایجنسی میں امن لشکر اور شدت پسندوں میں جھڑپ کے دوران 2شدت پسند جاں بحق ہو گئے جبکہ پشاور میں شدت پسندوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر دیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ماموزئی اور سما بازار میں فورسز کی بمباری سے شدت پسندوں کے 5 ٹھکانے تباہ بھی ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز کی علاقے میں کارروائیاں جاری ہیں جبکہ فورسز نے کئی علاقوں کی جانب پیشقدمی بھی کی ہے۔ فورسز نے گن شپ ہیلی کاپٹروں سے مشتبہ ٹھکانوں پر بمباری کی۔ ادھر باڑہ میں سکےورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ گذشتہ روز تحصیل باڑہ میں امن لشکر اور شدت پسندوں میں جھڑپ ہوگئی اور دونوں جانب سے شدید فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں2شدت پسند جاں بحق ہوگئے۔ شدت پسندوں کے باقی ساتھی فرار ہوگئے۔ ادھر علاقہ شلوبر میں سکےورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر کے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا ہے۔ علاوہ ازیں سربند علاقے میں صبح 60سے زائد شرپسندوں نے چوکی کا گھیراﺅ کرکے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی طرف سے بھرپور جوابی فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی شرپسندوں نے ڈی پی او کے دفتر پر حملہ کیا تھا۔
بمباری/ جھڑپ