کوئٹہ + مستونگ (بیورو رپورٹ) خاران میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں نجی سکول کا پرنسپل کمسن بیٹے سمیت جاں بحق ہو گیا۔ مستونگ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں کالعدم بی ایل اے کا کمانڈر ساتھی سمیت مارا گیا۔ جھل مگسی اور سبی سے 2 نعشیں ملی ہیں۔ گورنر بلوچستان کا جاں بحق اہلکاروں کے لواحقین کیلئے 20، 20 لاکھ فی کس امداد کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جھل مگسی کے علاقے گوٹھ مصری میں پولیس نے ایک پچاس سالہ خاتون کی سر کٹی نعش قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچا دی جس کی شناخت مائی پٹھانی کے نام سے ہوئی ہے۔ خاران میں نامعلوم افراد نے اقراء چیلنجز اکیڈمی کے آفس میں گھس کر فائرنگ کرکے پرنسپل اکرام اللہ اور اس کے 9 سالہ بیٹے ریحان کو ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ چھتر کے علاقے میں بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ فرنٹیر کور بلوچستان کے ترجمان کے مطابق عملے نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران مستونگ کے علاقے کلی پیرکانو میں چھاپہ مارا تو وہاں موجود افراد نے فائرنگ کردی فرنٹیئر کور کی جوابی کارروائی کے دوران بی ایل اے کے کمانڈر رشید شاہوانی اور اس کا ساتھی شاہ جہاں مارے گئے فرنٹیئر کور کے عملے نے وہاں سے بھاری تعداد میں ہتھیار، ہینڈ گرینڈ، بی ایل اے کے لٹریچر اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا۔ ترجمان کے مطابق بی ایل اے کمانڈر رشید دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھا جن میں قابل ذکر اپریل 2010ءمیں کیڈٹ کالج مستونگ کے پرنسپل اور دو طلباء،ایس ایچ او پولیس سٹیشن مستونگ ،انسپکٹر مراد ،سیکشن آفیسر سپورٹس محمد ادریس (کوئٹہ)، ایف سی کے نائیک زاہد ،آئی بی انسپکٹر بابر( مستونگ)، لیویز کانسٹیبل اکرم رند (مستونگ)َ، دین جان اور بشیر لہڑی سیکورٹی گارڈ واپڈا شاہ جہان (مستونگ) اور جنوری 2012ءمیں مارگٹ میں 18ایف سی اہلکاروں کی شہادت شامل ہے۔ پولیس سبی کے عملے نے اطلاع ملنے پر مقامی سی این جی پمپ کے قریب کپاس کے کھیتوں سے ایک نامعلوم شخص کی نعش تحویل میں لے کر سہپتال پہنچا دی۔ چمن کے علاقے میں ویڈیو گیم دکان کی چھت گرنے سے 2 بچے ہلاک 15سے زائد زخمی ہو گئے۔گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی نے کہا ہے کہ پولیس افسران اور جوان عوام کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں امید ہے کہ جوان اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیںگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے علمدار روڈ پر سنوکر کلب میں خود کش حملے اور کار بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے پولیس افسران و اہلکاروں کی کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر کے دفتر میں جمعہ کو فاتحہ خوانی کے دوران کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ سینٹ کے سابق ڈپٹی چیئرمین میرجان محمد جمالی بھی تھے۔ جبکہ گورنر بلوچستان کی ہزارہ قبیلہ کے ایک وفد نے سردار سعادت علی کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات کے جواب میں گورنر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے اور ان ہدایات پر عملدرآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ سی سی پی او کوئٹہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں 6 ماہ کے دوران 93 پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے۔ سی سی پی او کی جانب سے سانحہ کوئٹہ اور امن و امان پر بریفنگ کے دوران بتایا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پولیس کا مورال بلند ہے۔