ریوڈی جنیرو(این این آئی)برازیل میں ان دنوں سالانہ چھٹیاں جاری ہیں، انہی چھٹیوں میں برازیل کے شہری ریو ڈی جنیرو میں سالانہ میلے کا مزہ بھی لیں گے۔ برازیل میں 2013ءکے میلے کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔برازیل میں سالانہ میلے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، میلے کے مختلف پروگراموں میں حصہ لینے والے فنکاروں اور دنیا بھر سے سیاحوں کی آمد بھی شروع ہوگئی ہے۔ میلے کے لئے رنگا رنگ ملبوسات، دیوہیکل مجسمے، زیورات اور آتشبازی کی تیاری کی جارہی ہے۔ ریو ڈی جنیریو میں نو فروری سے بارہ فروری تک ہونے والے عالمی میلے میں سرکس میں کرتب دکھانے والے فنکاروں کی پریکٹس بھی جاری ہے۔ برازیل کے حکام نے کارنیوال کے دوران لوگوں کی حفاظت کیلئے فول پروف انتطامات کئے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق میلے میں ساٹھ لاکھ لوگوں کی آمد متوقع ہے۔ برازیلی حکام کے مطابق میلے کے دوران کیمروں کے ذریعے سڑکوں اور گلیوں میں جام ہونے والی ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے شرکا کیلئے پانی اور کھانے پینے کی اشیا کے علاوہ دیگر انتظامات بھی کر لئے گئے ہیں۔
ریو ڈی جنیرو، سالانہ میلے کی تیاریاں‘60لاکھ افراد کی آمد متوقع
Jan 19, 2013