اسلام آباد(ثناء نیوز) عبدالرشید غازی قتل کیس کے مدعی ہارون الرشید غازی اور انکے وکیل طارق اسد کو مسلسل ہراساں کرنے اور طارق اسد کے بیٹے مصطفی اسد پر جمعرات کے روز تشدد کیخلاف شہداء فائونڈیشن آف پاکستان نے تھانہ آئی نائن اسلام آباد میں درخواست جمع کرا دی۔ درخواست شہداء فائونڈیشن کے رہنما نے ایس ایچ او تھانہ آئی نائن کو دی ہے۔ درخواست میں جنرل (ر) پرویز مشرف، جنرل (ر) راشد قریشی اور دیگر دو نامعلوم افراد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف، جنرل (ر) راشد قریشی اور دیگر دو نامعلوم افراد کیخلاف ایف آئی آر درج کرتے ہوئے انہیں شامل تفتیش کیا جائے۔ ایس ایچ او تھانہ آئی نائن فیاض رانجھا نے ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست سب انسپکٹر طاہر ندیم کو مارک کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔