کرپشن ریفرنسز : زرداری کی بریت کی درخواست ‘ حاضری سے مستقل استثنیٰ دیدیا گیا

Jan 19, 2014

اسلام آباد (نیشن رپورٹ/ نمائندہ نوائے وقت+ ایجنسیاں) احتساب عدالت نمبر ایک نے سابق صدر آصف علی زرداری کو نیب ریفرنسز میں حاضری سے مستقل استثنیٰ دیدیا۔ عامر جلیل بوبرا کی رپورٹ کے مطابق آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے اپنے موکل کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا انکے موکل سکیورٹی کے حوالے سے دھمکیوں کا سامنا کر رہے ہیں اسلئے انہیں مستقل طور پر عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ عدالت نے انکی استدعا قبول کرتے ہوئے آصف علی زرداری کو عدالت میں حاضری سے مستقل استثنیٰ دیدیا اور مزید سماعت 3 فروری تک ملتوی کر دی۔ قبل ازیں عدالت نے آصف علی زرداری کی عدالت میں حاضری کے حوالے سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق احتساب عدالت میں  کرپشن کے پانچ ریفرنسز میں سابق صدر آصف زرداری کی بریت کی درخواست بھی دائر کی گئی۔ انکے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث آصف زرداری عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔ سابق صدر کے خلاف کسی ریفرنس میں ٹھوس شواہد یا ثبوت موجود نہیں۔ پانچوں ریفرنسز میں بریت کی درخواست پر عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 3فروری تک ملتوی کردی۔ ہفتہ کے روز سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف پولو گراؤنڈ، آئی آر وائی گولڈ، کوٹیکنا، ایس جی ایس اور ارسس ٹریکٹر پر مشتمل پانچ ریفرنسز میں فرد جرم عائد کرنے کے حوالے سے سماعت اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ پراسیکیوٹر نے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت میں دلائل دیتے ہوئے کہا سابق صدر کی عدم حاضری کی وجہ سے سماعت متاثر ہوگی لٰہذا استثنیٰ کی درخواست خارج کی جائے۔ آئی این پی کے مطابق فاروق ایچ نائیک کی طرف سے دائر بریت کی درخواست میں کہا گیا ہے  ریفرنس کیس کے مرکزی ملزم بری ہو چکے ہیں جو شواہد پیش کئے گئے ان میں حقیقت نہیں اور نہ ہی اب تک  کوئی گواہ آیا ہے۔ نیب پراسکیوٹر نے بریت کی درخواست پر تحریری جواب جمع کرانے کے لئے مہلت طلب کرلی۔ فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا سابق صدر پر فرد جرم عائد نہیں ہوسکتی، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سابق صدر ہر پیشی پر حاضر نہیں ہوسکتے انہیں عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ گذشتہ روز بھی 2نیب ریفرنسز میں ان پر فردجرم عائد نہ ہو سکی۔ آن لائن کے مطابق فاروق ایچ نائیک نے ریفرنسز میں سابق صدر کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دینے کی درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی ان کے مؤکل آصف علی زرداری سکیورٹی خدشات کے پیش نظر عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے  اور ان کی پیشی کے باعث عدالت میں رش اور بھیڑ کی وجہ سے ریفرنس کی سماعت بھی متاثر ہوتی ہے، عدالت جب بلائیں وہ پیش ہو جائیں گے۔

مزیدخبریں