پاکستان میں بچوں کی اکثریت کو معیاری تعلیم میسر نہیں: رپورٹ

پاکستان میں بچوں کی اکثریت کو معیاری تعلیم میسر نہیں: رپورٹ

 اسلام آباد (آن لائن ) پاکستان کا موجودہ تعلیمی نظام کوئی اچھی تصویر پش نہیں کر رہا۔ اس بات کا انکشاف پاکستان کی تعلیمی صورتحال پر کئے گئے ایک حالیہ جائزے میں کیا گیا ہے۔اس جائزہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے بچوں کی اکثریت معیاری تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہے۔ یہ رپورٹ تعلیم کیلئے کام کرنیوالی ایک غیر سرکاری تنظیم کے ”اثر“نامی گروپ کی جانب سے ملک کے دیہات اور شہری علاقوں کے تعلیمی اداروں پر مرتب کی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہروں اور دیہات کے تعلیمی نظام میں بہت فرق ہے، جبکہ نجی تعلیمی اداروں کا معیار سرکاری تعلیمی اداروں کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہے۔ شہروں میں 59 فیصداور دیہاتوں میں 27 فیصد نجی سکول موجود ہیں۔ شہری علاقوں میں رہائش پذیر 8 فیصد بچے سکول نہیں جاتے، جبکہ دیہات میں یہ شرح 21 فیصد بتائی گئی ہے۔ شہروں سے تعلق رکھنے والی 60 فیصد مائیں اور دیہات کی صرف 24 فیصد مائیں لازمی و بنیادی تعلیم رکھتی ہیں۔ دیہاتی علاقوں میں 21 فیصد بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ شہری علاقوں میں 71 فیصد بچے ٹیوشن لیتے ہیں جبکہ دیہاتی علاقوں میں ایسے بچوں کی شرح صرف 30 فیصد ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں پرائیویٹ ٹیوشن کا رواج بھی بڑھ رہا ہے جس میں شہری علاقوں کے زیادہ تر طالبعلم تعلیمی اداروں سمیت ٹیوشن کو بھی ترجیح دیتے ہیں۔ حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ سکولوں کی مانیٹرنگ کریں، اچھے تعلیمی معیار کو ممکن بنا کر سکول اساتذہ اور طالبعلموں کیلئے ٹریننگ سہولیتیں فراہم کی جائیں۔
تعلیم/ سروے

ای پیپر دی نیشن