بجٹ خسارہ 14 ارب روپے سے تجاوز، متاثرین سیلاب کی مدد نہیں کر سکتے:آزاد کشمیر حکومت

Jan 19, 2015

اسلام آباد (آئی این پی) حکومت آزاد کشمیر کا بجٹ خسارہ 14 ارب روپے سے تجاوزکر گیا ،حکومت نے آزاد کشمیر میں 2014ء میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے متاثرین کو معاوضہ جات کی ادائیگی سے معذرت کرلی، متاثرین سیلاب کو معاوضوں کی ادائیگی کیلئے وفاقی حکومت سے 1 ارب 13 کروڑ 15 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کرنے کی استدعا کر دی تاہم وفاقی حکومت نے تاحال کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔ ادھر وفاقی وزارت خزانہ کے آزاد کشمیر حکومت کو اپنے شاہانہ اخراجات اور غیر ترقیاتی اخراجات کم کرکے خسارہ پورا کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد حکومت کے سیکرٹری خزانہ نے وفاقی وزیر خزانہ کو خط کے ذریعے آزاد کشمیر کی مالی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آزاد حکومت اپنی مالی مشکلات اور بجٹ خسارے کی وجہ سے 2014ء میں سیلاب اور بارشوں کے متاثرین کو معاوضے ادا نہیںکرسکتی، حکومت کا بجٹ خسارہ 14 ارب سے تجاوز کر گیا۔ رواں سال کی پہلی ششماہی میں آمدن اور اخراجات کا فرق 6 ارب ہے جبکہ اب تک حکومت 1 ارب 30 کروڑ 48 لاکھ سے زائد کا اور ڈرافٹ جاری کرچکی ہے اس لئے آزاد حکومت کو وفاقی حکومت کی طرف سے 1 ارب 13 کروڑ 15 لاکھ روپے جاری کئے جائیں تاکہ حکومت بارشوں اور سیلاب کے متاثرین کو معاوضہ جات ادا کرسکے۔

مزیدخبریں