لاہور (خصوصی نامہ نگار) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اسلام آبا د میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے گزشتہ روز ملاقات کی جو نائب امیر میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ پر ہوئی، ملاقات میں سراج الحق نے ڈاکٹر ملیحہ لودھی سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ میں فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے بعد عالم اسلام میں پائے جانے والے اضطراب اور تشویش کے بارے میں آواز اٹھائیں اور اس سلسلہ کو بند کرانے کی بھر پور کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پر واضح ہونا چاہئے کہ مسلمان کسی بھی صورت توہین رسالت برداشت نہیں کرسکتے، اقوام متحدہ کو عالمی امن یقینی بنانے کیلئے انبیائؑ اور آسمانی کتب کے احترام کے بارے میں فوری قانون سازی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین عالم اسلام کے سلگتے ہوئے مسائل ہیں اور گزشتہ نصف صدی سے کشمیری اور فلسطینی عوام کو ظلم و جبر کی چکی میں پیسا جارہاہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ وہ عالمی برادری کو پاکستان کے مسائل سے آگاہ کرنے کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں سے کام لیں گی۔