پشاور (این این آئی) خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور کے علاقے گھنٹہ گھر میں کرین تلے آ کر جاں بحق ہونے والے 3 تاجروں کے ورثاء کیلئے بیس بیس لاکھ روپے اور خاندان کے ایک فرد کو کلاس فور کی ملازمت دینے جبکہ زخمی دکاندار کو دو لاکھ روپے دینے کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ امدادی رقوم کے یہ چیک کل پیر کو مرحومین کے سوئم کے موقع پر انکے گھروں میں پہنچا دیئے جائیں گے۔ اسی طرح انہوں نے سانحہ کی جوڈیشل انکوائری جبکہ مجرمانہ غفلت کے مرتکب کرین ڈرائیور کی گرفتاری کا حکم بھی جاری کر دیا۔ اس کا اعلان اُنہوں نے سی ایم ہائوس میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے تاجر رہنمائوں کا اس بات پر بطور خاص شکریہ ادا کیا کہ واقعہ کے فوری بعد مختلف سیاسی لیڈروں نے انہیں شہر میں توڑ پھوڑ اور فساد پھیلانے کیلئے اشتعال دلانے کی پوری کوشش کی مگر تاجر انکے بہکاوے میں نہیں آئے۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت شہریوں اور تاجر و دکاندار برادری کو قانون توڑنے کی بجائے قانون پسند بنانے کا کلچر فروغ دے رہی ہے، ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں بلکہ ہم غریب عوام کو انکے غصب شدہ بنیادی حقوق اور تعمیر و ترقی کا پاکیزہ ماحول دینے آئے ہیں۔ ہمارے کسی وزیر یا ایم پی اے کی مجال نہیں کہ وہ کرپشن یا غیرقانونی کام کرے اور اگر کرے گا تو انجام کیلئے بھی تیار ہو گا، میں نے خود اپنے بچوں کیلئے حرام کمایا ہے اور نہ ہی کسی کو حرام کا مال گھر لے جانے دونگا، معاشرہ اسی طریقے سے سدھرتا ہے، اگر شہری کسی اہلکار کو رشوت نہ دے تو کسی کی مجال نہیں کہ ان سے تقاضا کرے اور اگر ایسا ہوا تو مجھے یا کمپلینٹ سیل کو ثبوت کے ساتھ اطلاع دے، وہ معطل ہو گا یا جیل جائے گا۔