پشاور (آئی این پی) خیبر پی کے حکومت کے زیر اہتمام سانحے میں شہید ہونیوالوں کے چہلم کے حوالے سے تقریب 20 جنوری کو ہوگی۔ پشاور کے 41 سکولوں کو شہید بچوں کے ناموں سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، صوبائی حکومت کے زیراہتمام سانحے کے چہلم کے حوالے تقریب 20 جنوری کو ہوگی۔ خیبر پی کے کے ایم پی ایز نے سکولوں کو شہید بچوں کے ناموں سے منسوب کرنے کے لئے فہرست وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو پہنچا دی ہے۔ جن شہید بچوں کا تعلق پشاور سے نہیں ان کے آبائی علاقوں کے سکول ان کے نام سے منسوب کئے جائیں گے۔ پشاور میں سب سے زیادہ شہادتیں صوبائی حلقے پی کے پانچ سے ہوئیں جہاں سے 16 بچے شہید ہوئے تھے۔ سانحے کے چہلم کی تقریب کے لئے شہید بچوں کے والدین سے رابطہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں عمران خان بھی شریک ہونگے۔
خیبر پی کے حکومت کل پشاور کے 41 سکولوں کو ننھے شہدا کے ناموں سے منسوب کریگی
Jan 19, 2015