گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) شادی رچانے کیلئے بیرون ملک سے پاکستان آنیوالے نوجوان کو پٹرول کے بحران سے واسطہ پڑگیا اور وہ دلہن لانے کیلئے تانگوں پر بارات لیجانے پر مجبور ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق روز گار کے سلسلہ میں طویل عرصہ سے بیرون ملک مقیم ناصر سکنہ منڈیالہ تیگہ کی شادی طے تھی اور مختصر ایام کی چھٹی لیکر وہ پاکستان آیا۔ اتوار کے روز جب ’’بارات‘‘ کیلئے گاڑیوں کا انتظام کرنے کا وقت آیا تو انکی ساری خوشیاں پھیکی پڑ گئیں کیونکہ پٹرول کی بندش کے باعث انہیں کوئی ویگن یا لاری دستیاب نہ ہو سکی اور اگر کسی گاڑی مالک نے بارات لیجانے پر رضامندی کا اظہار کر بھی لیا تو بات پھر اٹک گئی کیونکہ مذکورہ گاڑی مالک پانچ گناہ زائد کرایہ وصول کرنے پر بضد رہا تاہم ناصر نے ہمت نہ ہاری اور دوست احباب کی مشاورت اور رضا مندی سے 8 تانگوں کا اہتمام کر لیا جبکہ متعدد باراتیوں نے موٹر سائیکلوں پر سواری لی اور یوں انوکھی بارات کئی کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے جبوکی کے شادی ہال تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔
پٹرول کا بحران: گوجرانوالہ میں دولہا تانگوں پر بارات لے کر پہنچ گیا
Jan 19, 2015