کراچی (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین صدر پرویز مشرف نے موروثی سیاست کو ملک کے موجودہ حالات کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار پر قابض مخصوص طبقہ پڑھے لکھے اور باصلاحیت نوجوانوں کو آگے نہیں آنے دے رہا‘ اداروں میںجب تک پڑھے لکھے باصلاحیت نوجوان اپنا کردار ادا نہیں کریں گے ملک کا آگے بڑھنا ممکن نہیں ‘ وقت آ گیا ہے کہ باصلاحیت اور اہل نوجوان ملک کیلئے متحد ہو جائیں‘ نااہل کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے پر ہے‘ نوازشریف نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ اپنا کاروبار تو چلا سکتے ہیں ملک نہیں ‘ پاکستانی قوم کو بجلی ‘ گیس کے بعد پٹرول سے محروم کر کے مسلم لیگ (ن) ان سے بدلے لے رہی ہے۔ وہ آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد کے ساتھ کراچی میں اپنی رہائشگاہ پر یوتھ پارلیمنٹ کے ارکان سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے۔ مشرف نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وا بستہ ہے۔ یہ امر انتہائی افسوس ناک ہے کہ پاکستان کے پڑھے لکھے باصلاحیت اور اہل نوجوانوں کی نہ تو صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جا رہاہے نہ ہی انہیں آگے آنے کے مواقع دئیے جاتے ہیں۔ ملک پر مخصوص طبقہ قابض ہے۔ منتخب ایوانوں کے اندر صرف اور صرف موروثی سیاستدان پہنچ پاتے ہیں۔ ہمارے موجودہ سسٹم میں کسی باصلاحیت نوجوان کا آگے آنا اور منتخب ایوانوں میں پہنچنا ناممکن ہے۔ سیاستدان کی نالائق اور نااہل اولاد ان کی جگہ آگے آتی ہے، یہی وجہ ہے کہ کرپٹ والدین کی کرپٹ اولاد ملک کے اندر کرپشن کو مزید پروان چڑھاتی ہے جبکہ ملک کے حقیقی وارث مجبور ہو کر سب کچھ دیکھتے رہ جاتے ہیں، ملک کے حالات آج جس مقام پر پہنچ چکے ہیں اگر ان میں تبدیلی کیلئے دیانتدار ‘ باصلاحیت اور اہل لوگوں کو آگے نہ آنے دیا گیا تو انکا ملک کے مستقبل سے ایمان اٹھ جائیگا۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کی حکومت اور وزیراعظم نوازشریف کے طرز حکمرانی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا۔
نوازشریف نے پھر ثابت کردیا، وہ اپنا کاروبار چلا سکتے ہیں، ملک نہیں: مشرف
Jan 19, 2015