اسلام آباد ( عزیز علوی) ٭… دھرنا کنونشن میں کارکن دور دراز علاقوں سے پہنچے۔٭… چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سہ پہر تین بجے گلے میں پارٹی پرچم کا سکارف پہن کر بنی گالہ سے دھرنا کنونشن کیلئے روانہ ہوئے اور تین بجکر38 منٹ پر سیکٹر ای الیون میں پہنچ، کارکنوں اور پارٹی قیادت نے والہانہ خیر مقدم کیا۔ ٭… راولپنڈی اسلام آباد اور پنجاب میں پٹرول کی شدید قلت کا اثر پی ٹی آئی کے دھرنے میں بھی نمایاں نظر آیا جس میں پٹرول نہ ملنے کے سبب عام کارکن نہ پہنچ سکے۔ ٭…دھرنا کنونشن میں ملٹی میڈیا کے ذریعہ تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور ڈی چوک میں دھرنے کے دوران پولیس کے لاٹھی چارج، آنسو گیس کے استعمال اور فائرنگ سے پارٹی کارکنوں کی زخمی ہونے، کنٹینرز رکھ کر کارکنوں کو رکاوٹوں کے ذریعے اسلام آباد پہنچنے سے روکنے، کارکنوں کی گرفتاریاں، اڈیالہ جیل منتقلی، مختلف تھانوں کی حالاتوں میں بند کرنے کی ویڈیوز اور تصاویر دکھائی گئیں۔ ٭… شیخ رشید، جہانگیر ترین اور عمران خان مشاورت کرتے رہے۔ ٭… سٹیج پر پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اللہ خان نیازی سے جہانگیر ترین نے پُرجوش مصافحہ کیا۔٭… خواتین روائتی تیاری اور چہروں پر میک اپ کرکے دھرنا کنونشن میں نعرہ بازی کرتی رہیں۔ ٭… خواتین کارکن اس خواہش کا اظہار کرتی رہیں کہ اچھا ہوتا چیئرمین اپنی بیگم ریحام خان کو کنونشن میں ساتھ لاتے ہم بھی انہیں دیکھ لیتیں۔ ٭… دھرنے کے دوران پولیس نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے تھے۔ تقریب سے قبل بم ڈسپوزل سکواڈ کے ذریعے ہال کی سکیورٹی کلیئرنس کرائی گئی۔ ٭… کنونشن میں گلگت بلتستان، خیبر پی کے، راولپنڈی ڈویژن، آزاد کشمیر اور فیڈرل کیپیٹل کے کارکن بڑی تعداد میں شریک تھے۔ ٭… دھرنا کنونشن میں پی ٹی آئی کے کارکن گو نواز گو کا نعرہ لگانا ہی بھول گئے لیکن شاہ محمود قریشی کی پُرجوش تقریر میں انہیں گو نواز گو کا نعرہ یاد آ گیا۔ ٭… دھرنا کنونشن کے اختتام پر قومی ترانہ پڑھا گیا اور سٹیج سیکرٹری نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کرکے تقریب ختم کردی۔٭… لوڈشیڈنگ ہونے پر کارکنان نے گو نواز گو کے نعرے لگا دئیے۔
تحریک انصاف کے دھرنا کنونشن کی جھلکیاں
Jan 19, 2015